نستعلیق بلاگ پر انعامی مقابلے کا اعلان۔

کچھ عرصہ قبل میں نے ایک مقابلے کی تجویز دی تھی۔ اسی بات کو آگے بڑھاتے اور عملی جامہ پہناتے ہوئے مقابلے کا اعلان کرتا ہوں۔
چونکہ یہ بلاگ قرآن پاک اور خطِ نستعلیق کی خدمت اور ارتقائی اسباب کے لئے لکھا گیا ہے اس لئے اس مقابلے کی ابتدا قرآن پاک اور خطِ نستعلیق کے مواضیع سے ہی کرنا ضروری ہے۔ سوچ بچار کے بعد مجھے مناسب معلوم ہو رہا ہے کہ درجِ ذیل مضمون پر احباب کو لکھنے کی دعوت دوں:
1- خطِ نستعلیق:
خطِ نستعلیق کے موجد کے متعلق لکھیں۔ نیز خطِ نستعلیق کا ارتقائی مرحلہ بھی محورِ موضوع بنائیں۔ایک شق خطِ نستعلیق کی یونیکوڈ فونٹس کے بارے میں بھی لکھ سکتے ہیں۔ خطِ نستعلیق کو یونیکوڈ خط بنانے میں کیا مشکلات پیش آ رہی ہیں؟ اس حوالے سے آپ اپنی رائے بھی موضوع میں شامل کرسکتے ہیں۔
اپنے کام کو ایک علمی کام ثابت کریں۔ اور جن حوالہ جات سے چاہے وہ کتابی شکل میں ہوں یا انٹرنیٹ پر ہوں ان کا حوالہ ضرور دیں۔ میں اس موضوع کے آخر میں ایک فائل منسلک کروں گا۔ ورڈ کی اس فائل کو اتار لیں اور اپنا مضمون اسی فائل میں لکھیں۔ اس فائل میں میں لکھنے کا طریقہ بھی تحریر ہوگا۔
انعامات وہدایات
- انعامات کے متعلق ہم ابتدائی طور پر درجِ ذیل انعامات رکھ رہے ہیں:
1- ایک کلو عجوہ کھجور جو ایک خوبصورت پیک میں ہوگی۔
2- ایک عدد قرآن پاک جو کنگ فہد قرآن پرنٹنگ پریس سے طبع شدہ ہوگا۔
3- ایک عدد جائے نماز۔
4- ایک عدد تسبیح۔
5- ایک عدد ٹوپی۔
6- ایک عدد عطر۔
1- یہ سب چیزیں مدینہ منورہ سے ارسال کی جائیں گی۔ ابتدا کے طور پر ہم یہ انعامات رکھ رہے ہیں۔ جبکہ مستقبل میں لوگوں کی تعداد اور شوق دیکھ کر مقابلے کے طریقہ کار اور مزیدقیمتی انعامات شامل کئے جاسکتے ہیں۔
2- انعام کی حقدار اگر خاتون ہوئیں تو پانچویں اور چھٹی چیز کے بدلے میں کوئی مناسب سی چیز ہوگی۔
3- فی الحال اس مقابلے میں انعام کا حقدار ایک شخص ہوگا۔ اس کا طریقہ کار یہ ہوگا کہ مضامین وصول کرنے کے بعد شاکر القادری صاحب اور تفسیر صاحب کو ارسال کریں گے۔ اور باتفاق جو مضمون بہترین مضمون قرار پائے گا اسے انعام ارسال کردیا جائے گا۔
4- کوئی بھی موضوع لکھتے وقت کسی بھی مسلک پر طعن وتشنیع سے گریز کریں۔ دیگر مذاہب کے متعلق لکھتے ہوئے علمی انداز اور طور طریقے سے کام لیں کہ ہمارا مقصد تعمیری ہے تخریبی نہیں۔
5- اگر آپ کو کوئی بات اہل سنت والجماعت کے عقیدے کے منافی معلوم ہوتی ہے اور اسے اجاگر کرنا چاہتے ہیں تو اسے بھی دلائل کے ساتھ علمی انداز میں پیش کریں۔
6- اہل سنت والجماعت کے لفظ کو وسیع معنوں میں لیں اور اسے کسی مخصوص مسلک کے ساتھ منسلک نہ سمجھیں۔اس حوالے سے پاکستان میں کسی مخصوص مسلک کے ساتھ منسلک سمجھا جاتا ہے جبکہ اسکا معنی وسعت مانگتا ہے۔
7- مضمون کم از کم 1000 الفاظ پر مشتمل ہو۔ اس سے کم قابلِ قبول نہ ہوگا۔ جبکہ زیادہ الفاظ آپ کی علمی قابلیت کی دلیل ہوگی۔
8- مقابلہ ختم ہونے پر ہم سب مضامین نشر کریں گے اور انعام یافتہ مضمون کو دیگر مضامین کے سامنے رکھ کر موازنہ کریں گے اور بتلائیں گے کہ کن وجوہات کی بنا پر ہم نے اس مضمون کو انعام کا حقدار ٹھہرایا۔ اور اس عمل کا مقصد یہ ہے کہ آئندہ لکھنےوالے احباب ان چیزوں کا خیال رکھیں گے۔اس عمل سے لکھاریوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور علمی تحصیل میں اضافہ ہوگا۔نیز کسی کو اعتراض بھی نہ ہوگا کہ اس مقابلے میں کسی کی طرفداری کی گئی ہے۔
9- لکھنے والے احباب اپنا نام اور ایمیل نیز فون نمبر ایمیل کریں ۔ اور ساتھ ہی یہ بھی لکھیں کہ فلاں مضمون پر لکھنے کا ارادہ ہے۔
10- 31 اکتوبر 2009 تک آپ اپنے کوائف اس ایمیل پر ارسال کرسکتے ہیں raasikh@gmail.com۔
11- مضامین وصول کرنے کی آخری تاریخ 30 نومبر 2009 ہوگی۔
12- اس مقابلے کے متعلق اگر آپ اپنے بلاگ پر لکھیں گے تو ہم آپ کے شکر گزار ہوں گے۔ کہ یہ اجر وخیر کا کام ہے اور خیر پر دلالت کرنے والا خیر کرنے والے کے برابر اجر وثواب کا خدا باری تعالی سے مستحق ہوگا۔
13- اس حوالے سے اگر آپ کے پاس کوئی تجویز یا مشورہ ہے تو ضروری پیش کریں۔ تمام مندرجہ بالا باتیں حتمی باتیں نہیں۔ مناسب تجاویز سامنے آنے پر رد وبدل کا امکان موجود ہے۔
14- آپ سب کے لئے دعا گو ہوں خدا مجھے اور آپ کو خدمتِ قرآن کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین۔
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مدینہ شریف
راسخ کشمیری
Popularity: 30%

برادر راسخ!
السلام علیکم! اس اعلان سے دلی مسرت ہوئی کہ اس سے تحقیقی کام کی حوصلہ افزائی ہوگی
ایک ضروری بات کی نشاندھی کرنا چاہتا ہوں وہ یہ کہ
آپ نے مقابلہ کے لیے تین عنوانات تجویز کیے ہیں
دو قرآن کریم کے تراجم سے متعلق ہیں اور تیسرا نستعلیقیات سے تعلق رکھتا ہے
یہ تینوں عنوانات موضوع کے اعتبار سے ایک دوسرے سے مختلف ہیں
جبکہ آپنے لکھا ہے کہ
“فی الحال اس مقابلے میں انعام کا حقدار ایک شخص ہوگا۔ اس کا طریقہ کار یہ ہوگا کہ مضامین وصول کرنے کے بعد شاکر القادری صاحب اور تفسیر صاحب کو ارسال کریں گے۔ اور باتفاق جو مضمون بہترین مضمون قرار پائے گا اسے انعام ارسال کردیا جائے گا۔”
برادرم مختلف النوع عنوانات میں باہمی تقابل نہیں کیا جاسکتا مثال کے طور پر اگر ایک شخض تستعلیق پر مضمون لکھتا ہے اور دوسرا قرآنی تراجم پر تو حکمین کے لیے یہ فیصلہ کرنا بہت مشکل ہو گا کہ ان میں سے کس کو انعام کا حقدار ٹھہرایا جائے
البتہ تمام افراد ایک ہی موضوع پر لکھیں تو ان میں سے بہتر کا انتخاب ممکن ہو سکتا ہے
لہذا آپ یا تو عنوانات کو کم کر کے صرف ایک عنوان تجویز کریں اور باقی کو آئندہ کے لیے اٹھا رکھیں
دوسری صورت میں
انعامات کی تعداد کو بڑھا کر تین کردیں
اور ہاں آپ اسی مراسلہ کو القلم پر اپنے رکنیتی نام سے زمرہ اعلانات میں ارسال کردیں
تاکہ وہ القلم پروٹل پر بطور اعلان نشر ہو جائے
شکریہ والسلام
والسلام
میں محترم شاکر القادری بھائی کی بات سے مکمل اتفاق کرتا ہوں۔ یعنی کوئی ایک موضوع دیں یا پھر ایک کی بجائے تین مقابلے رکھ لیں۔ بہتر ہو گا کہ ایک ہی موضوع رکھ لیں۔ باقی کافی تفصیل شاکر القادری بھائی بیان کر چکے ہیں۔
اس کے علاوہ لگتا ہے آپ نے نستعلیقی بلاگ کو اردو ٹیک وینس اور اردو ویب سیارہ پر رجسٹر نہیں کروایا۔ مہربانی کر کے اس کو دونوں جگہ پر رجسٹر کروائیں تاکہ باقی بلاگرز بھی آپ کی تحریروں سے آگاہ رہ سکیں۔
مزید یہاں ٹیکسٹ ایریا میں یعنی جہاں کمنٹس لکھتے ہیں وہاں اردو پیڈ ضرور شامل کریں اس سے تبصرہ کرنے والے کے لئے آسانی ہوتی ہے۔
اللہ تعالیٰ آپ کو کامیابی دے۔۔۔آمین
دعاؤں میں یاد رکھئے گا۔۔۔
والسلام
شاکر القادری صاحب اور ایم بلال بھائی آپ کی توجیہات وتنبیہات کا شکریہ۔میں نے آپ کی باتوں کی روشنی میں قرآن کے مواضیع کو فی الحال موخر کردیا ہے اور نستعلیقی موضوع برقرار رکھا ہے کہ یہ کچھ آسان بھے ہے جبکہ قرآنی مواضیع کچھ مشکل سے ہیں۔ ان شاء اللہ آئندہ مواضیع قرآن کے حوالے سے ہوں گے۔
ایم بلال بھائی ان شاء اللہ میں پہلی فرصت میں شامل کرتا ہوں۔
جزاکم اللہ خیر